نئی دہلی، 7 ؍نومبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں آلودگی کی سطح کی مناسب طریقے سے نگرانی کے لیے دائرکی گئی نئی عرضی پر کل سماعت کے لیے تیارہو گیاہے ۔چیف جسٹس تیرتھ سنگھ ٹھاکر کی صدارت والی تین رکنی بنچ نے کہا کہ وہ عدالت عظمی کی طرف سے مقررکردہ ماحولیاتی آلودگی روک تھام اور کنٹرول اتھارٹی کی عرضی پر کل شام ساڑھے تین بجے سماعت کرے گا۔اس اتھارٹی نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ دہلی میں آلودگی کی سطح کو کم کرنے کے لیے وہ کوئی نئی ہدایت نہیں چاہتا ہے بلکہ وہ پہلے جاری کی گئی ہدایات پر صحیح طریقے سے عمل کرنے کی درخواست کر رہا ہے۔سپریم کورٹ نے آلودگی کی سطح کم کرنے کے ارادے سے اپنے 16؍دسمبر 2015کے فیصلہ میں متعدد ہدایات دی تھی ۔اس میں کہا گیا تھا کہ دہلی اور قومی دارالحکومت کے علاقہ میں 2000سی سی کی صلاحیت والے ڈیزل انجن سے چلنے والی ایس یو وی گاڑیوں اور ایسی نجی کاروں کا رجسٹریشن نہیں کیا جائے۔عدالت عظمی نے دہلی میں داخل ہونے والے ہلکی اور بھاری کمرشیل گاڑیوں پر لگنے والی ماحولیاتی فیس میں سو فیصد اضافہ کرنے کی بھی ہدایت دی تھی ۔عدالت نے دہلی حکومت سے کہا تھا کہ وہ دہلی میں داخل ہونے والی کمرشیل گاڑیوں کے لیے اشتہارات جاری کرکے ان گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بائی پاس راستوں کی معلومات دینے کے ساتھ ہی عدالت کی طرف سے لگائی گئی ماحولیات نقصان فیس کی بھی معلومات دے۔عدالت نے بعد میں اگست میں سوسائٹی آف انڈین آٹوموبائل مینیوفیکچرس کے حلف نامے پر غور کرنے کے بعد 2000سی سی اور اس سے زیادہ صلاحیت والی گاڑیوں کے رجسٹریشن پر لگی روک ہٹا دی تھی۔اس سوسائٹی نے گاڑیوں کے رجسٹریشن سے پہلے ان کی قیمت کا ایک فیصد ماحولیاتی تحفظ ٹیکس جمع کرانے کی پیشکش کی تھی۔